محکمہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کر پشن کے گڑھ میں تبدیل ہو چکا ہے۔ حاجی محمد افضل بلوچ

جہلم: لیبر لیڈر حاجی محمد افضل بلوچ نے کہا کہ محکمہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کر پشن کے گڑھ میں تبدیل ہو چکا ،افسران اور عملہ دفاتر میں کام کرنے کی بجائے فیکٹریوں دکانوں ، مارکیٹوں ، پلازوں میں معاملات طے کرتے نظر آتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور عملہ مزدوروں کے حقوق سلب کر رہا ہے۔ لیبر ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور عملہ نجی فیکٹریوں، ورکشاپس، دکانوں، کارروباری مراکز میں دیدہ لیری سے ماہانہ کی بنیاد پر منتھلیاں وصول کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی فیکٹریوں، ورکشاپس، دکانوں، کارروباری مراکز میں کام کرنے والے مزدوروں کی رجسٹریشن کرنے کے علاوہ مزدوروں کو ان کے جائز حقوق دلوانے اور اوقات کار مقرر کرنے کی بجائے انہیں ذلیل و خوار کروا رہے ہیں۔
حاجی محمد افضل بلوچ نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کا نوٹس لیا جائے تاکہ مزدوروں کے ساتھ جاری مزدور کش پالیسیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔