دینہ میں جی ٹی روڈ پل گڑھوں کے باعث کئی زندگیاں نگل گیا

دینہ: جی ٹی روڈ اور ہیڈ برج گڑھوں کے باعث کئی زندگیاں نگل گیا، آئے روز حادثات کے باعث عوام پریشان ، تیز رفتار گاڑیاں اور موٹر سائیکل اپنی رفتار کے حساب سے پل کی چڑھائی چڑھتے ہو ئے حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں، حادثات کے باوجود انتظامیہ خاموش، شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہو ئے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں این ایچ اے کی عدم دلچسپی کے باعث جی ٹی روڈ گڑھوں میں تبدیل ہو گئی، دینہ سبز منڈی جی ٹی روڈ کے قریب اور ہیڈ برج پر آئے روز حادثات معمول بن گئے، خونی اور ہیڈ برج کئی لوگوں کی جانیں لے گیا ، تیز رفتار گاڑیاں اپنی رفتار کے حساب سے پل کی چڑھائی چڑھتے ہو ئے پل پر پہنچتے ہی حادثے کا شکار ہو جاتی ہیں۔
پل پر عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ ، خستہ حالی کا شکار روڈ گڑ ھوں کی شکل اختیار کر گیا، موٹر سائیکل سوار گڑھوں کے باعث گر کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں یا اپنے ہاتھ پاؤں تڑوا بیٹھتے ہیں جبکہ جی ٹی روڈ پر چلنے والی گاڑیوں کوبھی شدید دشواری کا سامنا ہے، آئے روز حادثات کے باعث انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
دینہ کے شہریوں نے این ایچ اے سے مطالبہ کرتے ہو ئے کہا کہ خدارا ہم پر رحم کیا جائے آئے روز حادثات کے باعث لوگ اپنی زندگیوں سے محروم ہو رہے ہیں اور پل پر گڑھوں کے باعث حادثات رونما ہو رہے ہیں، فی الفور نوٹس لے کر اور ہیڈ برج پر روڈ کی مرمت کروائی جائے۔