جہلم

جہلم میں آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ، چکی آٹا 140 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا

جہلم: غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئی، شہر میں آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ، چکی آٹا140 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔

ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں گندم کے نرخ 4500 روپے فی من ہوگئے لیکن انتظامیہ کی غفلت کے باعث فلور ملز، آڑھتی اور دکانداروں کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی، شہر سمیت ضلع بھر میں سستے سرکاری آٹے کے تھیلے بدستور غائب ،شہری 15 کلو کا مہنگا کمرشل آٹے کا تھیلا 1950 سے زائد قیمت پر خریدنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا کوئی مربوط پلان نظر نہیں آتا،اشیائے ضروریہ کی روز بروز بڑھتی قیمتوں کے باعث غریب کے لیے 2 وقت کی سادہ روٹی کھانا بھی مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے، ماہانہ آمدن اتنی نہیں جتنا مہنگائی میں سفید پوش طبقے کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے ، لیکن حکمران اور ضلعی افسران گرم کمروں میں بیٹھ کر غریب عوام کا تماشہ دیکھنے میں مصروف ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ ضلعی انتظامیہ کو دفتروں سے باہر نکالا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو چیک کرنے کا پابند بنایا جائے گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ شہریوں کو 2 وقت کی روٹی میسر آسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button