جہلم

جہلم میں ون ویلنگ کا خطرناک کھیل جاری، معصوم شہری حادثات کا شکار ہونے لگے

جہلم: اندرون شہر کی مصروف ترین سڑکوں سمیت جی ٹی روڈ پر ون ویلنگ کا خطرناک کھیل جاری، معصوم شہری حادثات کا شکار ہونے لگے جبکہ پولیس بگڑے امیرزادوں کے خلاف کارروائیاں کرنے سے گریزاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق اندرون شہر اور گردونواح میں موٹر سائیکلوں پر منچلے نوجوانوں کی ون ویلنگ اور ریس لگانے کے عملی مظاہرے میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجہ میں آئے روز کوئی نہ کوئی سنگین حادثہ رونما ہو رہا ہے جبکہ ریس کے دوران ہزاروں روپے کا جوا بھی کھیلا جاتا ہے۔

اندرون شہر سمیت جی ٹی روڈ پر جمعہ اور اتوار کے روز عسکری پٹرول پمپ تا جے اینڈ پی (پیر شہاب) تک بگڑے گھروں کے بگڑے رئیس زادے مختلف خونی کرتب کرتے دکھائی دیتے ہیں، جنہیں کوئی روکنے ٹوکنے والا موجود نہیں۔

منچلے نوجوان ون ویلنگ کا خطرناک کھیل جس میں مچھلی بن کر فش رائیڈنگ کرتے ہیں، جس میں نوجوان اپنے دونوں پاؤں ایک طرف کرکے موٹر سائیکل چلاتے دکھائی دیتے ہیں اور بریک پر پاؤں رکھنے کی بجائے دوسری سمت دونوں پاؤں اکٹھے رکھتے ہیں جس سے اچانک کوئی چیز آگے آنے کے باعث حادثات کا شکار ہوکر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

ون ویلنگ، فش رائیڈنگ اور خونی کھیل کے اس انداز سے شہری خواتین و بچے خوفزدہ ہو چکے ہیں ون ویلر زخود بھی زخمی اور جان کو خطرے میں ڈالے ہوئے ہوتے ہیں، جس سے یہ دوسرے موٹر سائیکل سواروں، راہگیروں و دیگر ٹرانسپورٹروں کو بھی انتہائی کسمپرسی اور تذبذب سے دوچار کئے ہوئے ہوتے ہیں۔

ون ویلروں کی زیادہ تر تعداد نوجوان اور بگڑے ہوئے رئیس زادوں کے ساتھ ساتھ ان کے دوست جن کا تعلق متوسط طبقے سے ہے شامل ہیں جو ون ویلنگ کے ذریعے خود اپنی جانوں کے دشمن بنے ہوئے ہوتے ہیں اس دوران تیز رفتاری پر قابو نہ ہونے کے باعث سڑک کنارے چلنے والے معصوم شہریوں کو روندنے سے بھی گریز نہیں کرتے، جس کی وجہ سے متعدد بے گناہ شہری زندگی بھر کے لئے معذور جبکہ متعدد جان کی بازیاں ہار چکے ہیں۔

شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر اور جی ٹی روڈ پر ون ویلنگ کے کرتب کرنے والے ویلرز کے خلاف قانونی کارروائیاں کی جائیں تاکہ معصوم شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button