جہلم

جہلم میں قانون شکن افراد جہازی سائز ہورڈنگ بورڈز بغیر اجازت نصب کرنے لگے

جہلم: ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور لاپروائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قانون شکن افراد جہازی سائز ہورڈنگ بورڈز بغیر اجازت نصب کرنے لگے، شہریوں کی سیفٹی و سیکورٹی کا خیال کئے بغیر رہائشی عمارتوں کو استعمال کرنے میں سرکاری ملازم خود شامل، ڈی سی، اے سی، چیف آفیسر بلدیہ غیر قانونی بورڈز اتروانے میں ناکام، صرف نوٹس دے کر کام چلایا جانے لگا، غیر قانونی ہورڈنگ بورڈز سے قانون شکن افراد سرکاری خزانے کو لاکھوں کا چونا لگانے لگا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر میں جی ٹی روڈ کے قریب رہائشی عمارتوں پر جہازی سائز کے کئی کئی سو من وزنی لوہے کے ہورڈنگ بورڈز لگا ئے جارہے ہیں جن کی قانونی طورپر نہ اجازت حاصل کی گئی ہے نہ ان کی مقررہ فیس سرکاری خزانے میں جمع کروائی جاتی ہے جبکہ بورڈز لگانے کیلئے مناسب جگہ اور اس کی سیفٹی اور سیکورٹی کو چیک کرنے کا بھی کوئی انتظام نہ ہے جہاں کسی شخص کا دل کرتا ہے وہ سو من وزنی بورڈ لگا کر ارد گرد کے گھروں پر تلوار لٹکا دیتا ہے۔

اس سلسلہ میں معلوم ہوا ہے کہ محکمہ صحت کا ایک ملازم پارٹ ٹائم بزنس کے طورپر غیر قانونی بورڈز لگا کر مختلف اداروں کی ایڈورٹائزنگ کرکے سرکاری خزانے کو ماہانہ لاکھوں روپے کا چونا لگا رہا ہے جبکہ بورڈز گنجان آباد علاقوں میں لگا کر شہریوں کی جان ومال کو سخت خطرے میں ڈالا جارہا ہے۔

شہریوں کی جانب سے گھروں کے اوپر منوں وزنی لوہے کے بورڈز نصب کرنے کے خلاف ضلعی انتظامیہ جہلم کو دی گئی درخواستوں پر کوئی ایکشن نہیں ہورہا اور ڈی سی جہلم اے سی جہلم کی جانب سے غیر قانونی بورڈز اتارنے کے حکم کو بھی پس پشت ڈال کر متعلقہ حکام حصہ وصول کرکے چپ کی چادر تانے ہوئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے بھی بھاری بھرکم آہنی بورڈز گر کر کئی شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچا چکے ہیں اس کے باوجود غیر قانونی طورپر نئے بورڈز رہائشی عمارتوں میں لگائے جارہے ہیں، اعلی حکام جہلم میں غیر قانونی جہازی سائز بورڈز لگانے کی اس مہم کے خلاف فوری ایکشن لیں کسی انسانی جان کے جانے یا کسی گھر کے اوپر بورڈگرنے پر ضلعی افسران ذمہ دار ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button