دینہاہم خبریں

جہلم کی سیاست میں ہلچل، چوہدری ثقلین کی فواد چوہدری سے خفیہ ملاقات، پی ٹی آئی میں دوبارہ شمولیت متوقع

دینہ: ضلع جہلم کی سیاست میں ہلچل، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری اور سابق ایم پی اے چوہدری محمد ثقلین میں خفیہ ملاقات، اختلافات کو ختم، رابطوں کو بحال کر نے اور آئندہ الیکشن میں مل کر چلنے پر اتفاق، چوہدری محمد ثقلین کی دوبارہ پی ٹی آئی میں باضابطہ شمولیت آئندہ چند روز تک دوستوں کی مشاورت کے بعد متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی کا امکان تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں استعفوں اور پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد ضلع جہلم میں سیاست کا ماحول گرمانے لگا، جس سے ضلع جہلم کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔

انتہائی با وثوق ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور سابق ایم پی اے چوہدری محمد ثقلین کی خفیہ ملاقات دینہ کے ایک مقامی ہوٹل میں ہوئی جس میں ایک دوسرے کو گلے لگا کر اختلافات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور آئندہ کے الیکشن میں ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چوہدری محمد ثقلین اور فواد چوہدری کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد رابطے بحال رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات کے وقت تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق چوہدری محمد ثقلین اور فواد چوہدری میں دوستوں کی مشاورت کے بعد آئندہ چند روز تک اعلان متوقع ہے۔ اگر سابق ایم پی اے چوہدری محمد ثقلین تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں تو وہ آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کی قومی یا صوبائی اسمبلی کی نشست کے امیدوار ہو ں گے۔

چوہدری فواد اور سابق ایم پی اے چوہدری محمد ثقلین کی ملاقات کے بعد شہر بھر میں مختلف تبصرے جاری ہیں۔

یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں سابق ایم پی اے چوہدری محمد ثقلین نے پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ تھا اور بعد ازاں مارچ 2021ء میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور موجودہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے ملاقات کے دوران چوہدری محمد ثقلین نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button