سالانہ امتحانات کیلئے تعینات کئے جانے والے عملے کے ریکارڈ کی چھان بین کرنے کا فیصلہ

دینہ: راولپنڈی تعلیمی بورڈ میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کیلئے تعینات کئے جانے والے عملے کے ریکارڈ کی چھان بین کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، امتحانی سینٹروں کی مانیٹرنگ کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
تعلیمی بورڈ کے ذرائع کے مطابق بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیر انتظام پہلا سالانہ امتحان میٹرک اور انٹر میڈیٹ 2023 کو فول پروف اور ہر لحاظ سے صاف شفاف بنانے کے لیے چند انتہائی اہم نوعیت کے فیصلے کیے گئے ہیں جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
تمام سپرنٹنڈنٹ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور نگرانوں کے ریکارڈ کی چھان بین کے لیے لسٹیں مرتب کر کے تحقیقات کرائی جائیں گی، ہر امتحانی سنٹر کے تمام سوالیہ پرچوں پر ایک مخصوص خفیہ کوڈ لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیاہے، ہر امتحانی سنٹر کے لیے ایک آئی ٹی کلرک کے تقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جو بچوں اور عملے کی بروقت حاضری بورڈ کو آن لائن کرنے میں ریذیڈنٹ انسپکٹر کی معاونت کرے گا۔
راولپنڈی ڈویژن کے 6 اضلاع میں چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دینے، ان کے ضلعی لیڈر مقرر کرنے اور ان کو گاڑیاں مہیا کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ امتحانی عملے کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لیے الگ الگ وٹس ایپ گرو پ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ امتحانی عملے کو کسی بھی غیر پیشہ ورانہ عمل سے دور رکھنے کے لیے ان پر مسلسل نظر رکھنے کے لیے بھی مختلف اداروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ہم بوٹی اور نقل مافیا کو انشاء اللہ ختم کر کے دم لیں گے۔