
جہلم: شہر اور گردونواح میں پیاز، ٹماٹر، لہسن، ادرک، سبزیوں سمیت پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، قیمتوں کے دن بدن بڑھنے سے شہری انتہائی پریشانی میں مبتلا ہیں۔
دکانداروں نے آڑھتیوں کی جانب سے اشیاء کی ذخیرہ اندوزی سے تنگ آ کر اشیاء کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ کردیا۔ خود ساختہ مہنگائی نے غریب سفید پوش شہریوں کا جینامُشکل بنا دیا، صارفین کے پرامن احتجاج کے باوجود پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہریوں کے مسائل سے لاتعلقی اختیار کر رکھی ہے۔
حکومت اور اس کے اتحادی اس اہم مسئلے کو حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، صارفین دکانداروں کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، آڑھتیوں نے (ٹی ایل پی) کے دھرنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مہنگائی کا طوفان برپا کر رکھا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ سبزی منڈی اور ملحقہ جگہوں پر قائم آڑھتیوں کے گوداموں کو روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کروائی جائے ، سبزیاں پھل ، اشیاء خوردونوش گوداموں میں چھپانے والے تاجروں ، آڑھتیوں کے گوداموں سے سٹور کیا گیا مال برآمد کرواکے ارزاں نرخوں پر فروخت کروایا جائے تاکہ حالیہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔