جہلماہم خبریں

سرکاری محکموں کے اندر کرپشن بلندیوں کو چھونے لگی، کرپشن کا سلسلہ پہلے سے بھی زیادہ عروج پر

دینہ: سرکاری محکموں کے اندر کرپشن بلندیوں کو چھونے لگی، کرپشن کا سلسلہ پہلے سے بھی زیادہ عروج پر، سرکاری افسرا ن نے جائز ناجائز کاموں کے نرخ بڑھا دیئے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بن گئی، شہری سراپا احتجاج، وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی جی اینٹی کرپشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کے سرکاری محکموں کے ملازمین نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے ، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ محکمہ مال ، محکمہ صحت، ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن ، اکاؤنٹس آفس، محکمہ تعلیم، محکمہ لائیو سٹاک، موٹر وہیکل ایگزیمنر ، جہلم پولیس ، ٹریفک پولیس، میونسپل کمیٹی ، محکمہ زراعت ، محکمہ ماحولیات، محکمہ لیبر، محکمہ سول ڈیفنس، محکمہ معدنیات سمیت دیگر صوبائی اداروں میں کرپشن کی وصولی بلندیوں پر پہنچ چکی ہے۔

سرکاری محکموں کے ملازمین رشوت کو قانونی حق سمجھتے ہوئے جائز ناجائز کاموں کے منہ مانگے دام وصول کررہے ہیں ، محکمہ مال،میونسپل کمیٹی ، ٹریفک پولیس، محکمہ تعلیم رشوت وصولی میں سرفہرست ہیں، جبکہ انسداد رشوت ستانی (محکمہ اینٹی کرپشن) سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار اداکر رہا ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں ہونے والی انتظامی و مالی بدعنوانی کے بارے محکمہ اینٹی کرپشن کو آگاہ کیاجاتا ہے لیکن محکمہ اینٹی کرپشن کے ذمہ داران کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے اتنے چکر لگواتے ہیں کہ مدعی صلح کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب ، ڈی جی اینٹی کرپشن سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے محکمہ اینٹی کرپشن میں فرض شناس ایماندار افسران و اہلکاروں کو تعینات کیاجائے تاکہ سرکاری اداروں میں ہونے والی انتظامی و مالی بدعنوانی کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button