جہلم

کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی جہلم کینٹ بائی پاس روڈ گڑھوں میں تبدیل

جہلم: محکمہ ہائی وے کے ذمہ داران کی ناقص حکمت عملی، کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والی جہلم کینٹ بائی پاس روڈ گڑھوں میں تبدیل، متعلقہ ذمہ داران کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی، شہریوں نے ڈی جی اینٹی کرپشن سے انکوائری کروانے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کینٹ بائی پاس روڈ جو کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی تھی، چند ماہ بعد ہی ناقص و غیر معیاری میٹریل کے استعمال کیوجہ سے سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے۔

علاقہ مکینوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بااثر ٹھیکیدار نے محکمہ ہائی وے کے افسران کے ساتھ ساز باز کرکے سڑک میں انتہائی ناقص و غیر معیاری میٹریل کا استعمال کیا جس کی وجہ سے نئی تعمیر ہونے والی سڑک اور پلیا ں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ متعلقہ محکمہ کے افسران کی آشیر باد کیوجہ سے ٹھیکیدار نے ما ل کماؤ، ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر کروائی جو جگہ جگہ سے زمین میں دھنس چکی ہے ۔

شہریوں نے چیئرمین نیب، ڈی جی اینٹی کرپشن سے مطالبہ کیا ہے کہ کروڑوں روپے کی مالی بدعنوانی میں شامل محکمہ ہائی وے کے افسران اور ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے اور ناقص و غیر معیاری میٹریل کا استعمال کرنے والے ٹھیکیدار اور متعلقہ ذمہ داران کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا جائے تا کہ آئندہ کوئی سرکاری اہلکار قومی خزانے کو نقصان پہنچانے بارے سوچ بھی نہ سکے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button