دینہ

وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن دینہ کے جانب سے سیلاب زدگان کیلئے خدمت انسانیت دستر خوان کے 50 دن مکمل

دینہ: وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن دینہ جہلم کی جانب سے سیلاب زدگان کے لئے لگائے گئے ”خدمت انسانیت دستر خوان تونسہ شریف ضلع ڈیرہ غازی خان”کے 50دن مکمل ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک پاکستان اگست میں سیلاب جیسی ناگہانی آفت سے متاثر ہوا جس سے لاکھوں لوگ بے گھر اور کھلے آسمان تلے مدد کے منتظر تھے۔ سینکڑوں خواتین،بچے،بوڑھے سیلاب میں بہہ گئے تھے ماؤں کے سامنے ان کے بچوں کو سیلاب کی بے رحم لہریں اپنے ساتھ بہا کر لے گئیں تھیں۔

اس کڑے وقت میں وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن جہلم کی ٹیم نے اپنی معاون تنظیمات اور مخیر حضرات کے تعاون سے نہ صرف اہلیان ضلع جہلم کی طرف سے دکھی دل اور نیک جذبات کے ساتھ،خشک راشن،نقدی،کپڑے، ادویات،پکا ہوا کھانا مصیبت زدہ مخلوق انسانیت تک پہنچایا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ سیلاب سے مکمل تباہ شدہ بستیوں چھتانی،جت والا اور منگروٹھہ میں ”خدمت انسانیت دستر خوان” کے ذریعے روزانہ سینکڑوں مرد و خواتین،بچے اور بچیوں کو انتہائی عزت اور احترام سے بٹھا کر کھانا کھلایا۔

سیلابی آفت کا شکار ان بستیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے”فری میڈیکل کیمپ” کا بھی انعقاد کیا گیا جہاں مفت چیک اپ اور مفت ادویات مہیا کی گئیں۔

خدمت انسانیت دستر خوان کے پچاس دن (50) مکمل ہونے کی خصوصی دعائیہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے سلیم انور کسانہ چیئرمین وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن جہلم نے کہا کہ ہم اپنی معاون تنظیمات اور مخیر حضرات کے انتہائی مشکور ہیں جن کے تعاون سے دکھ اور کرب کی اس گھڑی میں ”خدمت انسانیت دستر خوان” کے وسیلہ سے مسلسل 50 پچاس دن تک متاثرین سیلاب کو لنگر کے ساتھ مفت میڈیکل کی سہولیات بھی مہیا کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب انشاء اللہ گرم کپڑے، جرسیاں، سویٹر، بستر، رضائیاں اور طبی سہولیات متاثرین تک پہنچائی جاتی رہیں گی۔ اہلیان تونسہ شریف نے امتحان کی اس گھڑی میں بروقت امداد پہنچانے پر وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور اس کے معاونین کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button