جہلماہم خبریں

جہلم شہر اور گردونواح میں مہنگائی عروج پر، عوام کی مشکلات میں اضافہ

جہلم: شہر اور گردونواح میں مہنگائی عروج پر، عوام کی مشکلات میں اضافہ، بااثر دکاندار غیر معیاری اشیائے خوردونوش انتہائی مہنگے داموں فروخت کرنے میں مصروف، مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کئے گئے نرخ ناموں پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، شہری مہنگے داموں اشیائے خوردونوش خریدنے پر مجبور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہرسمیت مضافاتی علاقوں میں مہنگائی نے غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے، بااثر دکاندار سرکاری نرخ ناموں پر اشیاء خوردونوش فروخت کرنے کی بجائے خود ساختہ نرخوں پر اشیاء فروخت کر رہے ہیں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے اشیائے خوردونوش کو غریب طبقہ کی پہنچ سے کوسوں میل دور کر کے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، پھلوں کا استعمال اب ایلیٹ کلاس اور اونچے طبقے تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔

غریب متوسط طبقہ اپنے گھروں کے لئے دال سبزی لے جانے سے بھی محروم دکھائی دیتا ہے، خود ساختہ مہنگائی کے باعث پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی جس کی وجہ سے دکانداروں نے شہر سمیت ضلع بھر میں جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے، انتظامیہ ماہ رمضان میں کارروائیاں کرکے ایک مہینہ اشیاء خوردونوش کے نرخوں کو اعتدال پر رکھ کر گیارہ مہینے دکانداروں کو لوٹ مار کرنے کے لئے دے دیتی ہے۔

عوامی، سماجی، شہری، رفاعی تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کیا جائے اور نرخ نامے آویزاں نہ کرنے اور مہنگی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے گھروں کے چولہے جل سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button