عالمی یوم خواتین؛ پاپولیشن ویلفیئر آفس جہلم کے زیراہتمام سیمینار، آگاہی واک اور آگاہی پروگرام کا انعقاد

جہلم: عالمی یوم خواتین کے موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس جہلم کے زیر اہتمام سیمینار، آگاہی واک، ریڈیو ایف ایم پر آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
حسن خالد وڑائچ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر جہلم نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی یوم خواتین منانے کا مقصد معاشرے کی تشکیل اور ترقی میں خواتین کے کردار کو تسلیم کرنا اور خواتین کے لیے معاشرتی، معاشی، سیاسی اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوی مواقع کو یقینی بنانا ہے۔
مریم نعیم ستی ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جہلم کی ٹیم میں خواتین کی کارکردگی بے مثال ہے اور صوبہ بھر میں قابل فخر ہے اور ہم خواتین کو گھریلو فیصلہ سازی، خاندانی منصوبہ بندی اور معاشی وسائل میں اختیار دے کر ہم ماں بچے کی صحت میں بہتری لا سکتے ہیں اور ملکی ترقی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
سیمینار میں محکمہ بہبود آبادی کی نمایاں کارکردگی کی حامل خواتین آفیسرز، انچارجز، ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس جہلم سے پرانا نادرا آفس تک آگاہی واک بھی کی۔