
جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تحصیل صدر چوہدری راشد گھرمالہ نے پشاور بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح پی ٹی آئی کی حکومت دوسرے شعبوں میں مکمل طور پر ناکام ہوئی وہیں دہشتگردی بھی دھیرے دھیرے واپس لوٹ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ماضی میں نواز شریف کے بارے میں جو کچھ کہا وہ آج سب ان کے سامنے آرہا ہے ، غریب کو روٹی ، مہنگائی کھا گئی اور ترقی کا راستہ کھو گیا جبکہ خوشحالی کی منزل گم ہوگئی ، قرضوں کے کشکول نے قوم کو عالمی سطح پر بھکاری بنا دیا ہے۔
چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ تبدیلی سرکار بری طرح ناکام ہو چکی ہے حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے ، تبدیلی سرکار کے تمام دعوے چکنا چور ہو چکے ہیں ، چند گھڑیوں کی مہمان حکومت نے عوام کو مہنگائی میں دلدل میں دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) عوامی جماعت ہے اور عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنے والی واحد نمائندہ جماعت ہے ، آج بھی لوگ ہمارے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تعریفیں کرتے نظر آتے ہیں۔
چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک نے دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کی ،لیکن موجودہ حکومت نے اس ملک کو پھر سے اندھیروں کی جانب دھکیل دیا ہے۔