ضلع جہلم میں ضلعی انتظامیہ سبزی اور فروٹ کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام

جہلم: ضلعی انتظامیہ سبزی و فروٹ کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام، سبزی کی قیمتیں انتظامیہ سے کنٹرول نہ ہو سکیں، صارفین دکانداروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور،قیمت پنجاب ایپ بھی انتظامیہ نے مذاق بنا کے رکھ دیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غائب ، دکانداروں کی لوٹ مار عروج پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں قائم سبزی منڈیوں کے دکانداروں نے سبزی و پھلوں کے نرخ من مرضی کے مقررکر رکھے ہیں ، مارکیٹ کمیٹی کے ذمہ داران روزانہ کی بنیاد پر جاری کی جانے والی سرکاری ریٹ لسٹ میں سبزی و پھلوں کے نرخوں سے زائد نرخ وصول کررہے ہیں۔
دوسری جانب شہر و مضافاتی علاقوں کے دکاندار کئی گنااضافی نرخ وصول کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سبزی و پھلوں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہیں ہیں ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں نے بھی سبزی و پھل فروشوں کے خلاف ایکشن لینا، چالان و جرمانے کرنا اورگرانفرشوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کرنا گناہ سمجھ رکھا ہے، سبزی و پھلوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا ا س حوالے سے کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے قیمت پنجاب کے نام سے ایپ متعارف کروا رکھی ہے ، جسے ضلع بھر میں کوئی بھی دکاندار ماننے کو تیار نہیں جبکہ مارکیٹ کمیٹی کے ذمہ داران روزانہ کی بنیاد پر ریٹ لسٹیں تو جاری کرتے ہیں لیکن بد قسمتی سے دکانداروں کو دن 10 بجے کے بعد ریٹ لسٹیں مہیا کی جاتی ہیں۔
مضافاتی علاقوں کے دکاندار علی الصبح منڈی سے سبزی کی خریداری کرکے اپنے اپنے علاقوں میں جا چکے ہوتے ہیں جہاں من مرضی کے نرخ مقرر کرکے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا تاہے ،ضلع بھر میں ایک درجن سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے پاس اختیارات ہیں لیکن بد قسمتی سے گرانفروشوں نے اپنی الگ بادشاہت قائم کر رکھی ہے ، جو حکومتی احکامات کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب،چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیاہے کہ گرانفروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروا کر پابند سلاسل کیا جائے تاکہ خود ساختہ قائم ہونے والی مہنگائی کا سورج غروب ہو سکے ۔