
جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ڈاکٹر فہد احمد نے 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کے روٹ چوک اہلحدیث کا وزٹ کیا، ان کے ہمراہ تفسیر حسین ملک ایس ڈی پی او سٹی سرکل اور محمد عامر بٹ اسسٹنٹ کمشنر جہلم بھی تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے جلسہ چوک اہلحدیث حافظ نذیر احمد نقشبندی اور منتظمین سے ملاقات کی اور شانِ رحمتہ اللعالمین ﷺ کے بارے میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ہم مسلمانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ اخلاق حسنہ و سیرت طیبہ کے اعتبار سے وہ منور آفتاب ہے، جس کی ہر جھلک میں حسن خلق نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات پاک میں حضرت عیسیٰ ؑ کا حلم، حضرت موسیٰ کا جوش اور حضرت ایوب کا صبر پایا جاتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تبلیغ اسلام کے لئے بستیوں اور بیابانوں میں اللہ کا پیغام پہنچایا، مخالفین کی سنگ زنی و سختیاں سہیں۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ کی طرح وطن چھوڑا اور ہجرت کی مگر پھر بھی دنیا انسانیت کو امن و محبت، رحمت اور سلامتی کا پیغام دیا۔ حضرت سلیمانؑ کی طرح اس دنیا میں حکمت کی طرح ڈالی غرض وہ تمام خوبیاں، اوصاف حمیدہ جو پہلے نبیوں میں پائی جاتی تھیں وہ سب بدرجہ کمال حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات میں موجود تھیں۔
جشن عید میلادالنبی ﷺ کے جلسہ کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔جلوس ڈیوٹی پر مسلح جوانوں سمیت سفید پارچات میں بھی سیکورٹی اہلکار تعینات رہے، ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی ٹریفک کے بہاؤ کو قائم رکھنے کے لیے تعینات رہے۔
جلوسوں کے انٹری پوائنٹ پر واک تھرو گیٹ اور بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر چیکنگ کا عمل سرانجام دیا جا رہا ہے۔ پولیس کی ریزرو نفری بھی سٹینڈ ٹو رہی۔ وائرلیس بیس سٹیشن اور کنٹرول روم کے ذریعے جلوس/جلسہ کے آغاز و اختتام تک مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔