جہلم

جہلم شہر کی اہم سڑکیں پارکنگ میں تبدیل، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

جہلم: اولڈ جی ٹی روڈ، میجراکرم شہید روڈ سمیت اندرون شہر کی سڑکوں پر قائم نجی ہسپتالوں ،نجی تعلیمی اداروں، میرج ہالز، مارکیز، میرج گارڈنز کی انتظامیہ نے سرکاری سڑکوں کو پارکنگ میں تبدیل کر لیا، میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ و ٹریفک پولیس کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق اولڈ جی ٹی رو ڈ ، میجر اکرم شہید روڈ سمیت اندرون شہر کی سڑکوں پر قائم ہونے والے نجی ہسپتالوں ، نجی تعلیمی اداروں ، میرج ہالز، مارکیز، میرج گارڈنز کے مالکان نے پارکنگ کے لئے جگہ مختص کرنے کی بجائے سڑکوں کو پارکنگ میں تبدیل کر رکھا ہے جس کیوجہ سے صبح و شام سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی ہونے کیوجہ سے موٹر سائیکل سواروں اور چھوٹی گاڑیاں گزارنے والے افراد کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سڑکوںپر کھڑی ہونیوالی گاڑیوں کے ڈرائیورز گاڑیوں میں موجود ہونے کی بجائے دائیں بائیں بیٹھ جاتے ہیں جس کی وجہ سے ایمبولنسسز ، فائر بریگیڈ ، ایمرجنسی پولیس سمیت شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

بااثر مالکان نے میونسپل کمیٹی کے شعبہ بلڈنگ برانچ کے ساتھ معاملات طے کرنے کے بعد مختص کی گئی پارکنگ کو ختم کرکے عمارتوں کے اندر کمرے تعمیر کرکے بھاری کرائے پر چڑھا رکھے ہیں اس طرح پارکنگ کے لئے مختص کی گئی جگہ سے بھی ماہانہ لاکھوں روپے کمروں کی مد میں وصول کئے جارہے ہیں۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کے عملے کی ملی بھگت سے بااثر مالکان نے کارروباری مراکز بغیر پارکنگ کے تعمیر کررکھے ہیں جو کہ شہریوں کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن کے ذمہ داران میونسپل کمیٹی کے شعبہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ میں موجود کاروباری مراکز کی فائلیں چیک کرکے مالی بد عنوانی کا سبب بننے والے ذمہ داران و مالکان کے خلاف مقدمات درج کریں اور عمارتوں کو منہدم کرکے پارکنگ کے لئے جگہ چھڑوائی جائے تاکہ شہریوں کے مسائل میں کمی واقع ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button