جہلماہم خبریں

ضلع جہلم میں جشن ولادت رسول ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

جہلم: ملک بھر کی طرح جہلم میںبھی 12ربیع الاول عید میلا دالنبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

شہر کے گلی محلوں ، ملحقہ آبادیوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا، جگہ جگہ سٹیج لگائے گئے اور محفل نعت خوانی،سیرت النبی ﷺ منعقد کی گئیں،متعدد جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے شاندار چوک کے مقام پر پہنچے، چھوٹے، بڑے جلوس کالا دیو سے آنے والے جلوس میں شامل ہوکر مرکزی جلوس کی صورت اختیار کرگئے۔

اس موقع پر تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ آقادو جہاں کی حیات طیبہ پرروشنی ڈالتے رہے۔

علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی ولادت پاک کا دن مومن کے لئے سب سے بڑی عید ہے، اس دن کی برکت اور فضیلت کا اندازا لگانا ممکن ہے۔ رحمت اللعالمین حضرت محمد ﷺ بے سہاروں کا سہارا بن کر تشریف لائے ،کفر کے اندھیروں کو ختم کرنے والی ہستی کی آمد کی خوشی میں ساری کائنات میں عید میلادالنبی ﷺ منائی جاتی ہے۔

علمائے کرام نے کہا کہ نبی پاک ﷺ کی ولادت سے بنی نوع انسان کو پتھروں اور بتوں سے آزادی ملی وہ دونوں جہانوں کے لئے رحمت اللعالمین بن کر آئے کائنات کے تمام رنگ ہمارے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت کے صدقے ہیں آج کے دن رب العزت نے ہماری بخشش و نجات کی بنیاد رکھی۔

اس موقع پر معروف سیاسی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے پیارے حبیب ﷺ کے امتی بنا کر بھیجا،انہوں نے تمام عالم اسلام اور کشمیر کے لئے خصوصی دعا کروائی۔

عید میلادالنبی ﷺ کی تقریب میں پیر علامہ برکات احمدنقشبندی، پروفیسر علامہ ثناء اللہ ، علامہ سید عطاء اللہ شاہ بخاری، علامہ حافظ اظہر اقبال نقشبندی، حافظ مظہراقبال نقشبندی، قاری ظفراقبال نقشبندی، علامہ عبدالوحید کاظمی، پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمن ، صدر جہلم پریس کلب محمد شہباز بٹ ، صدر الیکٹرانک میڈیا کے صدر چوہدری عابد محمود، صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ چوہدری مہربان حسین ، صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری عبدالطیف، پی ٹی آئی کے ضلعی سیکرٹری نشر و اشاعت چوہدری رضوان منورسمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button