اپنی زندگی میں معمولی سی تبدیلی لا کر دل کے امراض سے بچا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر جواد بخت کیانی

جہلم: ڈاکٹر جواد بخت کیانی نے کہا ہے کہ اپنی زندگی میں معمولی سی تبدیلی لا کر دل کے امراض سے بچا جا سکتا ہے، اگر آپ کو اپنی زندگی عزیز ہے تو جسم میں صاف شفاف پانی کی مقدار، نشاستہ آور غذاؤں اور پھلوں کا استعمال کبھی ترک نہ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ نشے کو اپنے لئے زہر جانیں، چہل قدمی کو معمول بنالیں اپنے معالج کے مشورے پر ڈائٹ شیڈول بنوا کر اس پر سختی سے کار بند ہو جائیں، دل پورے جسم کا سب سے اہم حصہ ہے جو سارے جسم کو صاف خون فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر جواد بخت کیانی نے کہا کہ ہمارے سانس کی ڈوری دل کے دھڑکنے سے ہی بندھی ہے ہر شخص کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ دل سے متعلق مسائل کے بارے میں جانیں اور دل کے دورے کی علامات کو سمجھیں تاکہ دل کی بیماریوں پر بروقت قابو پایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں ہمارے دل کی صحت کو بہتر بنا سکتی ہیں، ہر شخص کو چہل قدمی کرنی چاہیے تا کہ بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔