جہلماہم خبریں

ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، جہلم کے شہری سراپا احتجاج

جہلم: ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، روٹی کاسرکاری نرخ 10 روپے مقررجبکہ 15 روپے میں فروخت کی جانے لگی، نان کی سرکاری قیمت 18 روپے مقرر 20 روپے میں فروخت کیا جانے لگا، دوسری جانب گوشت اور دودھ کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ کر دیاگیا، شہری سراپا احتجاج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو انتظامیہ نے مزید پریشانی میں مبتلا کر کے رکھ دیا ہے۔ شہری ضلعی انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، حکومت پنجاب آٹے کی قیمتوں پر قابو تو نہ پا سکی لیکن ضلعی انتظامیہ نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے سادہ روٹی کی قیمت 15 روپے جبکہ نان کی قیمت 20 روپے، دودھ 120 کی بجائے 125 روپے، گائے کا گوشت 550 کی بجائے 600 روپے، بکرے کا گوشت 1100 کی بجائے 1200 روپے فی کلو گرام مقرر کر دیئے ہیں، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل روٹی کی قیمت 10 اور نان کی قیمت 15 روپے مقرر تھی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے نان بائی روٹی اور نان فروخت کررہے تھے جبکہ دودھ دہی،گوشت کی قیمتوں میں بھی ضلعی انتظامیہ نے اضافہ کر دیا ہے۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پہلے ہی ان کے لیے 2 وقت کی روٹی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے اب روٹی کی قیمتوں میں انتظامیہ نے نان بائیوں کی خواہشات کو پورا کرتے ہوئے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ کردیاہے۔

شہریوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب کہ گندم کی فصل ابھی بوئی جارہی ہے روٹی کی قیمت میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ روٹی، دودھ، گوشت کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے بچوں کو 2 وقت کی روکھی سوکھی روٹی فراہم کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button