جہلم: اربوں روپے کی مشینری بھی شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر نہ کر سکی

جہلم: اربوں روپے کی مشینری بھی شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر نہ کرسکی ،شہر کے بیشتر رہائشی علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، رہائشی علاقوں میں عارضی ویسٹ کو لیکشن پوائنٹس بھی شہریوں کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔
شہر کے بیشتر علاقوں میں صفائی کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ محلہ کریم پورہ، محمودہ آباد، اسلام پورہ، جادہ ، مجاہد آباد، بلال ٹاؤن، چونترہ ، کھرالہ ، شمالی محلہ، کالا گجراں، کشمیر کالونی، مدینہ ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے بڑے بڑے ڈھیر موجود ہیں۔
میونسپل کمیٹی کی جانب سے کچرے کی مناسب انداز میں صفائی ستھرائی نہیں کی جاتی ، شہری علاقوں میں موجود عارضی ویسٹ کو لیکشن پوائنٹس بھی شہریوں کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔
اندرون شہر کے علاقوں میں موجود کچرے کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن سے علاقہ مکینوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ غلاظت کیوجہ سے مکھیوں مچھروں کی بہتات ہو چکی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔