
جہلم: پاکستان تحریک انصاف ضلع جہلم کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
چوہدری غلام احمد زمرد نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق جہلم شہیدوں اور غازیوں کے ضلع سے ہے، ضلع جہلم کے ہر شہر، ہر قصبے، ہر گاؤں اور ہر محلے سے لوگوں نے پاکستان کے دفاع کے لیے اپنی جان کی قربانیاں دی ہیں۔
9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کی پیش نظر میں ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف جہلم کے عہدے سے استعفی دیتا ہوں۔اور ان واقعات کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔
اور اپنے اگلے سیاسی مستقبل کا فیصلہ اپنے ساتھیوں کی مشاورت کے بعد اعلان کروں گا۔ pic.twitter.com/gWVkxvT4I4— Ch Ghulam Ahmed Zamurrad (@ChZamurrad1) June 9, 2023
انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کا کوئی گاؤں یا محلے کا قبرستان ایسا نہیں جس میں کوئی شہید دفن نہ ہو۔ جہلم کے جوانوں نے وکٹوریا کراس سے لے کر نشانِ حیدر تک کے اعزاز اپنی بہادری سے حاصل کئے ہے۔
چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ہماری عظیم قوم پاکستان میں ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف متعد ہے، ہمیں اپنی فوج کی حمایت میں اکٹھے ہونا چاہئے جو بہادری سے ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے اور ہماری حفاظت اور سلامتی کو یقینی بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج کی وجہ سے یہ ملک قائم ہے اور ہم سب آج آزاد پاکستان کا حصہ ہیں، میں بحیثیت صدر پاکستان تحریک انصاف ضلع جہلم 9 مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کرتا ہوں۔
چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ ان واقعات کی شفاف انکوائری ہونی چاہیے اور جو شدت پسند لوگ ہیں اس سب واقعہ کا حصہ تھے ان سب کو قانون کے مطابق سزائیں ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ان سب واقعات کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں اور مستقبل کی حکمت عملی کا فیصلہ اپنے دوستوں سے مشاورت کے بعد کروں گا۔