
جہلم نے بھی کراچی کا روپ دھار لیا، پرامن ضلع جرائم پیشہ عناصر کے نرغے میں، چوری، ڈکیتی، قتل، اغواء، اقدامِ قتل کی وارداتیں عام ، ریلوے پل کے داخلی دروازے پر سے بھی پولیس غائب، نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سرِشام رکشہ ڈرائیورکو بھون ڈالا، لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محمدی چوک جہلم کی رہائشی بشریٰ خانم زوجہ نذیر کھوکھر نے پولیس چوکی کینٹ میں درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اپنے بھائی وسیم کھوکھر جو کہ چنگ چی رکشہ چلاتا ہے کہ ہمراہ سرائے عالمگیر اپنے عزیز رشتے داروں کے گھر گئے ہوئے تھے۔
واپسی پر جب ہم نے دریائے جہلم پل عبور کیا تو پہلے سے موجود 2 نامعلوم موٹر سائیکل سوار جن کے پاس 125 موٹر سائیکل تھا نے سیدھا فائر میرے بھائی پر کیا جس سے میرا بھائی اوندھے منہ چنگ چی رکشہ کی ٹینکی پر گرگیا۔
وسیم کو فوری طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کی مدد سے پہنچانے کی کوشش کی لیکن علاج معالجہ سے قبل ہی خون زیادہ بہہ جانے کیوجہ سے میرا بھائی زندگی کی بازی ہار گیا۔
پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف 302 ت پ، 34 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔