
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے، ضلع جہلم کے باسیوں کے دیرینہ مطالبے پر للِہ جہلم دوریہ روڈ کی تعمیر کے لئے وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں ایک ارب 80 کروڑ روپے مختص کر دیئے گئے ہیں۔
جمعہ کوجاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات میں اہلیان جہلم کے دیرینہ مطالبہ پر للِہ جہلم دو رویہ روڈ کی تعمیر کے لئے پی ایس ڈی پی میں ایک ارب 80 کروڑ روپے مختص کرنے کی خوشخبری سنائی ہے جس پر اہلیان جہلم کو مبارک ہو۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی محترم احسن اقبال صاحب سے آج وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں اُنہوں نے اہل جہلم کا دیرینہ مطالبہ یعنی للہ جہلم دوریہ روڈ کی تعمیر کے لئے وفاقی ترقیاتی پروگرام (PSDP) میں 1.8 ارب روپے مختص کرنے کی خوش خبری سنائی۔ اہل جہلم کو مبارک۔ احسن صاحب کا… pic.twitter.com/8NUkg866Cd
— Bilal Azhar Kayani (@BilalAKayani) June 9, 2023
انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے تحصیل پنڈدادنخان اور تحصیل جہلم کے عوام کی سفری مشکلات ختم ہوں گی، سوہاوہ میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے 36 ہزار کی آبادی کو کم وولٹیج اور بجلی کی آنکھ مچولی کی اذیت سے نجات مل گئی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہماری درخواست پر ضلع جہلم کے باسیوں کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے فنڈز فراہم کئے ہیں، ان سے خود دورہ کرکے منصوبہ کا جائزہ لینے کی درخواست کی ہے، ہم منصوبہ پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے جس سے خاص طور پر تحصیل پنڈدادنخان اور تحصیل جہلم این اے 60 اور این اے 61 کے عوام کی سفری مشکلات ختم ہوں گی اور حادثات میں کمی سے قیمتی انسانی جانیں محفوظ ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 60 کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ ہم نے 132 کے وی گرڈ سٹیشن کا سوہاوہ میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کے ہمراہ افتتاح کر دیا ہے، اس منصوبے کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لینے پر وفاقی وزیر توانائی کا بے حد ممنون ہوں، اس منصوبہ سے 36 ہزار کی آبادی کو کم وولٹیج اور بجلی کی آنکھ مچولی کی اذیت سے نجات مل گئی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ قائد نواز شریف کا وژن عوام کی ترقی آگے بڑھ رہا ہے اور بڑھتا رہے گا، عوام کی خدمت ہی نوازشریف کی قیادت میں ہمارا مشن ہے، عوام کی خدمت کی رفتار مزید تیز کریں گے۔