جہلم میں جی ٹی روڈ گڑھوں میں تبدیل، شہریوں کی قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بننے لگیں

جہلم: جی ٹی روڈ گڑھوں میں تبدیل، شہریوں کی قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بننے لگیں، این ایچ اے انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر لی، شہریوں کو ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم سے گزرنے والی جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ گڑھوں کے باعث موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔
شہریوں کی قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بنتی جارہی ہیں، جی ٹی روڈ کے عین وسط میں بننے والے گڑھے جو رات کے وقت ڈرائیورز کو نظر ہی نہیں آتے جس کی وجہ سے حادثات میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹول ٹیکس کی مد میں این ایچ اے انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کروڑوں روپے حاصل کر رہی ہے لیکن جی ٹی روڈ کی تعمیر و ترقی پر پھوٹی کوڑی نہیں لگائی جا رہی جو کہ سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی خزانے کو روزانہ لاکھوں روپے کا منافع دینے والی جی ٹی روڈ کو نئے سرے سے تعمیر کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز سمیت مسافر بہتر انداز میں سفر کر سکیں۔