جہلم: ایس ایچ او سوہاوہ فرخ شبیر اور ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سر یے سے بھرا ٹرالہ لوٹنے میں ملوث بین الاصوبائی ڈکیت گینگ کا ملزم گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کی شناخت حبیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے، ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سوہاوہ کے علاقہ بکڑالہ کی پہاڑیوں میں سریے سے بھرا ٹرالہ لوٹا تھا،بعد ازاں ملزمان نے مسروقہ سریا مختلف شہروں میں فروخت کر دیا۔
سوہاوہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کی مدد سے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ ملزم سے ٹرالہ، مسروقہ سریہ مالیتی پانچ لاکھ روپے اور نقد رقم 55 لاکھ روپے برآمد کر لی گئی، ملزم سے واقعہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے اثاثوں کی حفاظت اوّلین ترجیح ہے۔ ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے ایس ایچ او سوہاوہ اور ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔