جہلم میں کھلے عام غیر معیاری تیل سے تیار کردہ نمکو، پاپڑ اور چپس کی سرعام فروخت جاری

جہلم: شہر اور مضافاتی علاقوں میں کھلے عام غیر معیاری تیل سے تیار کردہ نمکو، پاپڑ اور چپس کی سرعام فروخت جاری۔پیک شدہ غیر معیاری بغیر رجسٹرڈ اور بغیر مدت معیاد کے گھریلو نجی خود ساختہ منی فیکٹریوں میں تیار شدہ نمکو، سلانٹی، پاپڑو چپس سے شہری بالخصوص بچے معدہ، یرقان، جگر ،گلے اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق شہر وگردونواح میں دکانوں سمیت ، لاری اڈہ ، پٹرول پمپس ، سی این جی میں قائم ٹک شاپس پر مضر صحت پیک شدہ پاپڑوں، نمکو ، سلانٹی و چپس کی فروخت سر عام جاری ہے ، فروخت کی جانے والی نمکو چپس اور پاپڑ جو کہ مقامی طور پر تیار کئے جاتے ہیں ،پیکنگ پر مدت معیاد بھی درج نہیں ہوتی۔
گھریلو طور پر خود ساختہ منی فیکٹریوں میں مضر صحت تیل اور مضر صحت مصالحہ جات سے تیار شدہ مذکورہ اشیاء جو کہ شہر و مضافات میں دکانوں پر فروخت کی جاتی ہیں اسی طرح لاری اڈہ ،پٹرول پمپس پر واقع ٹک شاپس اور بس اڈوں سمیت بیکریوں پر سرعام فروخت کی جارہی ہیں جس کے استعمال سے شہری ، بچے معدے سمیت جگر کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔