مارچ میں مہنگائی مارچ کا اعلان کر کے اپوزیشن نے ایک اور چیونگم بانٹ دی، سماجی و کاروباری حلقے

جہلم: مارچ میں مہنگائی مارچ کا اعلان کر کے اپوزیشن نے ایک اور چیونگم بانٹ دی، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس میں استعفوں کے معاملے پر ایک بار پھر پیش رفت نہ ہونے کے باعث یہ تاثر زور پکڑ گیا ہے کہ حزب اختلاف صرف وقت کو دھکا دے رہی ہے ، مہنگائی کے خلاف مارچ کے لئے3 مہینے بعد کی تاریخ دینا عوامی سطح پر ایک مذاق سمجھا جا رہاہے۔
ان خیالات کا اظہار شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، کارروباری تنظیموں کے عمائدین نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ 23 مارچ حتمی تاریخ نہیں، اصل میں اپوزیشن کے پاس قوم کو دینے کے لئے کچھ نہیں ، اس لئے ایک رسمی اعلان برائے اعلان کرکے جان چھڑائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اجلاس نے اپوزیشن کو بھی اتنا ہی غیر مقبول بنا دیا جتنی حکومت ہے اس معاملے میں یہ دونوں اب ایک پیج پر کھڑے ہیں، ساڑھے 3 سال گزرنے کے بعد ویسے ہی حکومت کی مدت اتنی کم رہ گئی ہے کہ اب تبدیلی کے آثار مدھم پڑنے لگے ہیں ، اس تمام عرصے کے دوران حکومت سے زیادہ اپوزیشن نے اپنے ووٹرز کو مایوس کیاہے ، ایسا لگتا ہے کہ پی ڈی ایم نے حکومت کو این آر او دے رکھا ہے ، جس کے بعد اسے مزیدمہنگائی کے ذریعے شہریوں کی زندگیاں مزید اجیرن کرنے کے لئے فری ہینڈ مل گیاہے ۔
شہریوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایسا ایجنڈہ نہیں جس کیوجہ سے اپوزیشن بھی ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہے ۔