وفاقی وزیر کا شہر ناجائز تجاوزات کے نرغے میں، شہر کا حسن تباہ، پیدل گزرنا محال ہوگیا

جہلم: وفاقی وزیر کا شہر ناجائز تجاوزات کے نرغے میں، میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کی عدم دلچسپی، شہر کا حسن تباہ، شہر کی سڑکوں پر تجاوزات کی بھرمار، سڑکیں و بازار سکڑ گئے، پیدل گزرنا محال ہوگیا، میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہیدوں ، غازیوں، اوورسیز پاکستانیوں کے شہر کے حسن کو بری نظر کھا گئی ، قدیمی شہر کی سڑکوں پر ناجائز میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کی پشت پناہی کی وجہ سے بااثر تجاوزات مافیا نے پنجے گاڑھ لئے ، غیر قانونی تجاوزات کی بھر مار کی وجہ سے شہر کی سڑکوں کے دونوں اطراف ریڑی بانوں، فروٹ سبزی ، مچھلی ، لنڈافروخت کرنے والوں نے مستقل بنیادوں پر ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
شہر کے واحد سرکاری ہسپتال کے داخلی دروازے پر بھی قبضہ مافیا نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ شہر کے بازاروں ، چوک چوراہوں سمیت سول لائن روڈ ، شاندار چوک کے اطراف میں غیر قانونی تجاوزات قائم ہو چکی ہے ، جس کیوجہ سے ایمبولینسسز، ریسکیو1122 ، فائر برگیڈ کی گاڑیوں سمیت سکول و کالجز اور سرکاری اداروں میں آنے والے افسران اہلکاروں کو طویل دورانئے تک روڈ بند ہونے کیوجہ سے انتظارکرنا پڑتا ہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کے ذمہ داران کی پشت پناہی کیوجہ سے شہر کی سڑکوں پر تجاوزات قائم ہیں ، جس کیوجہ سے مریضوں کو سول ہسپتال منتقل کرنے والی ایمبولنسسز اور ہنگامی صورتحال میں فائر برگیڈ کی گاڑیوں کو بھی آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے شہر میں قائم ہونے والی غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔