پنڈدادنخان: حکومت پاکستان کو اربوں روپے سالانہ ادا کرنے والی تحصیل پنڈ دادنخان کی سڑکیں موہنجوداڑو کی منظر کشی کرنے لگیں، جہلم پنڈدادنخان روڈ کھنڈر ات میں تبدیل، قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بننے لگیں، حادثات روز کا معمول بن گئے۔ جہلم تا لِلہ ڈیول کیرج وے منصوبہ کھٹائی کی نذر ہوگیا، مسافروں کا سڑک پر سفر کرنا انتہائی دشوار، سیاسی جماعتوں کے رہنما شہریوں کے مسائل پر سیاست کرتے دکھائی دیتے ہیں ، سیاسی جماعتوں کے قائدین نے مسائل حل کرنے کی اہلیت موجود نہیں، سیاسی نمائندے الیکشن کے دنوں میں شادی بیاہ کی تقریبات میں دکھائی دینے لگے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب نے تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ سگھر پور کا دورہ کیا لیکن عوامی مسائل سننے سے گریز کرتے ہوئے منڈی بہاؤالدین روانہ ہو گئے ۔ علاقہ مکینوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب کی پنڈدادنخان آمد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سابق حکومت کے دور میں شروع ہونے والا منصوبہ جہلم تا لِلہ ڈیول کیرج وے التوا کا شکار ہونے کے باعث 128 کلو میٹر کا سفر طے کرنے والے علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بارشوں کے دنوں میں پنڈدادنخان تحصیل نوگو ایریا میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
دوسری جانب نمک کی کان کو سیرکرنے کے لئے آنے والے سیاحوں اور ٹرانسپورٹر ایک دفعہ سفر کرنے کے بعد پوری زندگی اس طرف آنے کی جرات نہیں کریں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کے تبدیل ہونے کے بعد ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا گیا۔
بعد ازاں پنجاب میں وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کی درخواست پر فنڈز تو جاری کئے لیکن تھوڑے عرصے بعد ہی عدم اعتماد کے بعد دوبارہ سے جہلم تا لِلہ ڈیول کیرج وے کا کام بند کر دیا گیا اور جون کے بجٹ میں جہلم لِلہ سڑک کے لئے فنڈز ہی مختص نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے سڑک پر کام کرنے والے ٹھیکیدار کام بند کرکے اپنی مشینری یہاں سے کسی اور جگہ لے گئے جس کی وجہ سے جہلم سے پنڈدادنخان 128 کلو میٹر کا سفر دشوار گزار ہو چکا ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سالانہ اربو ں کھربوں روپے دینے والی تحصیل پنڈدادنخان حکومت کی آنکھوں سے اوجھل ہے، سیاسی جماعتوں کے قائدین اب الیکشن سے قبل فنڈز جاری کرنے کا ڈھونگ رچائیں گے اور ووٹرکو لالی پاپ دیا جائے گا کہ ترقیاتی کام نگران حکومت نہیں کروا سکتی۔
شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم لِلہ ڈیول کیرج وے کے فنڈز جاری کروائے جائیں تاکہ علاقہ مکینوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔