
جہلم: شہرکے مخصوص علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کر کے رکھ دیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن گئی،شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی بندش کے باعث شہری بے حال ہوگئے، چھوٹے گھراور فلیٹ بجلی کے بغیر تنور بن گئے، بچے، بزرگ اور خواتین دن رات تڑپنے پر مجبور ہیں۔
صارفین کے احتجاج اور میڈیا کی نشاندہی کے باوجود آئیسکو سرکل جہلم کے افسران پر کوئی اثر نہیں ہو رہا جبکہ آئیسکو کے اعلیٰ افسران بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، اس ساری صورتحال میں طالبعلموں، محنت کشوں اور ملازمت پیشہ افراد کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، بجلی بندش سے پانی کی فراہمی بھی متاثرہورہی ہے۔
صارفین نے بجلی کے بے تحاشہ نرخوں میں اضافہ واپس لینے، زائد بلنگ اور لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔