دینہ

ہیڈ ماسٹر ہائی سکول تین پورہ کی ریٹائرمنٹ، پنجاب ٹیچرز یونین ضلع جہلم کے وفد کی خصوصی شرکت

دینہ: پنجاب ٹیچرز یونین ضلع جہلم کے وفد نے چوہدری وحید حیدر جنرل سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں چوہدری محمد نجیب سابق ڈسٹرکٹ ٹیچر ایجوکیٹر رئیس مدرسہ گورنمنٹ ہائی سکول تین پورہ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک خوبصورت بزم سکول میں سجائی گئی اور چوہدری محمد نجیب کی تعلیمی خدمات اور ہم نصابی سرگرمیوں پر مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے بزم میں اپنے اپنے خیالات کا اعادہ کیا۔

یاد رہے کسی بھی محکمہ میں طویل عرصہ خدمات سر انجام دینے کے بعد ریٹائرمنٹ کا دن یادگاردن ہوا کرتا ہے۔ اساتذہ کے لئے تو یہ دن خوشگوار یادوں کا اک خزینہ ہوتا ہے کیونکہ انہوں نے اک مقدس فرض کی تکمیل میں اپنی زندگی کے قیمتی سال گزارے ہوتے ہیں۔

پنجاب ٹیچرز یونین ضلع جہلم کے قائدین جہاں اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں وہاں اساتذہ برادری کے خوشی و غمی کے لمحات میں بھی شامل ہوتے ہیں۔ اسی سلسلے میں آج پنجاب ٹیچرز یونین ضلع جہلم کے اک وفد نے محکمہ سے ریٹائر ہونے والے دو معزز مدرسین کی الوداعی تقریبات میں شامل ہوکر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

پہلی تقریب گورنمنٹ ہائی سکول تین پورہ کے ہیڈ ماسٹر، سابق ڈی ٹی ای، پنجاب ٹیچرز یونین کے سینئر نائب صدر چودھری محمد نجیب کی ریٹائرمنٹ پر مذکورہ سکول میں منعقد کی گئی۔ بہترین انتظام و انصرام اور حسن ترتیب نے اس باوقار تقریب کو یادگار بنا دیا۔

معزز مہمانوں کی آمد پر سکول انتظامیہ اور بچوں نے شاندار استقبال کیا سکول سٹاف نے اپنے ادارہ کے سربراہ کو باعزت طریقے سے رخصت کرنے کے لئے محبتوں اور عقیدتوں کے پھول نچھاور کئے، طلبا نے اپنے فنی کمالات (ٹیبلوز) سے اپنے استاد محترم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں شامل معززین علاقہ، کاروباری و سیاسی شخصیات اور سینئرز اساتذہ نے چودھری محمد نجیب کے شخصی اوصاف کی تعریف کی اور محکمانہ خدمات کو سراہا۔

پنجاب ٹیچرز یونین کی طرف سے چودھری وحید حیدر، ملک محمد افضل میر، رانا اشفاق حیدر، میاں محمود احمد اور ملک سفیر احمد نے اپنے اپنے خطاب میں انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ چودھری محمد نجیب نے اپنے خطاب میں تمام رفقاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناچیز کی کامیابیاں دوستوں کی محبت اور خلوص کے باوصف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارے کے بہترین نتائج اور تعمیر و ترقی میں ان کے اساتذہ کی محنت شامل ہے۔

دعا کے بعد چودھری محمد نجیب کو یادگاری تحائف پیش کئے گئے۔ معزز مہمانوں میں سرپرست اعلی پنجاب ٹیچرز یونین چودھری جاوید احمد (سابق ڈپٹی ڈی ای او تحصیل دینہ)، چودھری وحید حیدر(صوباء جنرل سیکریٹری پنجاب ٹیچرز یونین)، ملک محمد افضل میر (صوباء سینئر نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین)، رانا اشفاق حیدر (ضلعی چیئرمین پنجاب ٹیچرز یونین)، چودھری افضال محمود (ضلعی میڈیا سیکریٹری)، سابق ڈپٹی ڈی ای او و نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین، میاں محمود احمد، چودھری شکیل احمد (ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول چکوہا)، ملک سفیر احمد (ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول ججیال و جنرل سیکریٹری پنجاب ٹیچرز یونین تحصیل سوہاوہ)، راجہ اللہ دتہ کیانی (ریٹائرڈ پرنسپل)، راجہ پرویز کیانی، راجہ سرفراز کیانی (صدر نمبردار یونین ضلع جہلم)، ملک نصیر احمد چک اکا، مرزا شاہد محمود، چودھری ظہور احمد کونسلر شامل تھے۔

بعد ازاں پنجاب ٹیچرز یونین ضلع جہلم کے قائدین نے محکمہ تعلیم میں اکتالیس سال خدمات سر انجام دے کر رخصت ہونے والے مدرس ڈاکٹر خلیل الرحمٰن (ایس ایس ٹی) کی دعوت پر ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ ڈاکٹر صاحب نے اپنے گھر میں بہترین دعوت کا اہتمام کر رکھا تھا۔ جس میں گورنمنٹ ہائی سکول سنگھوئی اور گورنمنٹ ہائی سکول ممیان کے اساتذہ کے علاوہ ان کے خاص دوستوں کی کثیر تعداد مدعو تھی۔

پہلی تقریب کی طوالت اور سفر کی وجہ سے پی ٹی یو قائدین قدرے دیر سے پہنچ پائے جس کی وجہ سے علاقہ کے اساتذہ سے ملاقات نہ ہوسکی۔ تاہم ڈاکٹر خلیل الرحمٰن کی کمال محبت کہ انہوں نے پی ٹی یو قائدین کے انتظار میں خود بھی کھانا نہیں کھایا تھا۔ ڈاکٹر صاحب کی تدریسی و دیگر خدمات پر قائدین نے انہیں خراج تحسین پیش کیا دعاؤں اور یادگاری تحفے سے نوازا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button