چوہدری ثقلین کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے پارٹی کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ فراز چوہدری

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ ہم جمہوری سوچ کے حامل ہیں اور بلا تفریق ضلع جہلم کے غیور عوام کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، تعصب سے پاک سیاست ہمارا نصب العین ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری رضوان منور کے قریبی عزیز کی شادی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لئے سابق وفاقی وزیر ممبر قومی اسمبلی چوہدری فواد حسین نے برابری کی سطح پر نمائندگی ادا کی، تھانہ کچہریوں کے معاملات میں شہریوں کو الجھا کر ووٹ حاصل کرنے کا بوسیدہ نظام ہم نے دفن کیا، شفافیت کے ساتھ عوامی ترقی کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمد ثقلین کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے پی ٹی آئی کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے بلا تفریق اربوں روپے کے ترقیاتی کام شروع کروائے بیشتر پراجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں جبکہ جہلم لِلہ ڈیول کیرج وے ، جلالپور شریف کندوال نہر، جہلم اور ٹوبہ ٹراما سینٹرکا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کے غیور عوام پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ آمدہ انتخابات میں حسب سابق روایت پاکستان تحریک انصاف ضلع جہلم کی تمام نشستوں سے کلین سویپ کرے گی اور نئے سرے سے ضلع جہلم میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا۔