سوہاوہ کو صاف ستھرا رکھنے والے سینٹری ورکرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ہڑتال کر دی
سوہاوہ: محدود وسائل اور سہولیات کے فقدان کے باوجود شہر بھر کو صاف ستھرا رکھنے والے سینٹری ورکرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ہڑتال کر دی۔
شہربھر میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگ گئے،غیر ضروری اور بے ہنگم اخراجات کے لیے میونسپل کمیٹی کا نہ تو کبھی فنڈ ختم ہوا نہ کبھی اخراجات میں کمی آئی لیکن ہمیشہ کی طرح ہر چار چھ ماہ بعد سینٹری ورکرز کی تنخواہیں رک جاتی ہے اور تین تین ماہ ان کو تنخواہیں نہیں دی جاتیں۔
بیورو کریسی کی طرف سے انوکھی اور عجیب منطق کے تحت ان سینٹری ورکرز کی تنخواہیں رک جاتی ہیں۔ شہریوں نے بھی شہر بھر میں گندگی اور غلاظت سے تنگ آ کر ان ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کر دیا۔
موجودہ ملکی صورتحال اور مہنگائی میں جہاں کم تنخواہ پر گزرا ناممکن ہو چکا ہیں وہیں ان لوگوں کی تین تین ماہ کی تنخواہیں روک کر ان کو فاقوں پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ شہر بھر درجنوں فلاحی ادارے بھی موجود ہیں مگر بغیر تشہیر اور ضرورت کے ان اداروں کو بھی ایسے غریبوں کی مدد کرنے کا کبھی موقع میسر نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کمشنر راولپنڈی اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ سے اپیل ہے کہ ان کو تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کروا کر ہرتال ختم کروائی جائے تاکہ شہر بھر میں جگہ جگہ گندگی اور غلاظت سے جان چھڑائی جا سکے۔