جہلم میں گرانفروش بے لگام، دکانداروں نے اشیائے خوردونوش کی من مانی قیمتیں مقرر کر لیں

جہلم: شہر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس حکومتی رٹ قائم کرنے میں بری طرح ناکام، دکانداروں نے من مانی قیمتیں مقرر کر لیں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی سوالیہ نشان، شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے ماہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کے بعد اراکین ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کی مشاورت سے اشیائے ضروریہ کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاتھا۔
نئے نرخوں کے مطابق باسمتی سپر چاول (330 فی کلو گرام ، دال چنا (باریک ) 200 روپے فی کلوگرام، دال چنا (موٹی )210 فی کلو گرام ، دال مسور دھلی ہوئی (موٹی )243 فی کلو گرام، دال ماش دھلی ہوئی 415 فی کلوگرام ، دال مونگ دھلی ہوئی 205 روپے فی کلو گرام، سفید چنا باریک335 فی کلو گرام، کالا چنا 210 فی کلو گرام، بیسن215 فی کلو گرام، چھوٹا گوشت 1400 فی کلوگرام، بڑا گوشت 700 فی کلو گرام، دودھ145 فی لیٹر، تندوری روٹی 15 روپے، نان سادہ 20 روپے فروخت کیے جائیں گے۔
اس سلسلے میں عوامی و سماجی حلقوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اپنے مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ فروخت کروانے میں بری طرح ناکام ہے ، گراں فروشوں نے اپنی مرضی کے نرخ مقرر کرکے اشیاء خوردونوش فروخت کرنی شروع کررکھی ہیں جو کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ لوٹ مار کرنے والے گراں فروشوں کی سرپرستی کرنے والے افسران کو ضلع بدر کیاجائے اور حکومتی رٹ قائم کروانے والے افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ ضلع بھر میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔