پنڈدادنخان: اسامہ شہرون نیازی نے کہا کہ کسی بھی محکمہ میں رشوت خوری اور کام میں غفلت ہرگیز برداشت نہیں کی جائے گی، ملازمین سفارش اور سیاسی دباو کے بغیر میرٹ پر کام کریں، علاقہ کی فلاح و بہبود اور عو ام کی خدمت منشور ہے، عوام کو اپنے جائز کام کے حصول کے لیے کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شہرون نیازی نے مختلف محکمہ جات کے سرکاری ملازمین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے تمام سرکاری ادارے سمت درست کرلیں، پنڈدادنخان کو رشوت اور کرپشن سے پاک کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرض شناس اور محنتی افسران واہلکار میرے لئے قابل فخر ہیں، کرپٹ اور بددیانت لوگ کسی معافی یا رحم کے مستحق نہیں، تحصیل پنڈدانخان کے صنعتی اداروں کو عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، میرے متعلقہ محکمہ جات کے ملازمین بغیر کسی سیاسی دباؤ بہترین اور میرٹ پر کارکردگی یقینی بنائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ کہیں بھی رشوت خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور رشوت خور کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لاتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کندوال سے پانی سے متعلقہ شکایات پر متعلقہ اہلکاروں کو آفس بلا کر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پانی کی قلت کے مسئلہ پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، بغیر کسی دباؤ کے عوام کو پانی جیسی بنیادی سہولت فراہم کرنے میں غفلت نہ برتی جا ئے۔
اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شہرون نیازی نے مزید کہا کہ عوام کو اپنے جائز کام کے حصول کے لیے کسی سفارش کی ضرورت نہیں، علاقہ کی فلاح و بہبود اور عو ام کی خدمت منشور ہے، بھرپور کوشش ہے کہ تمام محکموں کو ساتھ لے کر عوام کی بہتری کے لیے کام جاری رکھوں ۔