جہلم

ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی عملی طور پر غیر فعال، ٹرانسپورٹروں نے کرائیوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا

جہلم: ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ذمہ داران نے تحریک انصاف کی حکومت کو ناکام بنا نے کی ٹھان لی ،ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی عملی طور پر غیر فعال ، ٹرانسپورٹروں نے از خود کرائیوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا۔ جہلم جنرل بس اسٹینڈ سے مختلف شہروں میں چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا، مسافر سراپا احتجاج، ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی، مسافر اضافی کرایہ دینے پر مجبور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم جنرل بس اسٹینڈ سے دوسرے شہروں میں چلنے والی گاڑیوں کے ٹرانسپورٹرز نے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ،جہلم لاری اڈہ سے پنڈدادنخان،جہلم سے منڈی بہاؤالدین ، جہلم سے چکوال ، جہلم سے راولپنڈی، جہلم سے گجرات، جہلم سے لاہور تک کا کرایہ پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقرر کردہ کرایوں سے کئی گنا اضافی وصول کیا جا رہاہے۔

مسافروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررہ کردہ کرایہ ناموں پر عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ مسافروں نے اس حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اضافی کرایہ کی مد میں غریب محنت کش افراد کی جیبوں کا صفایا کیا جا رہاہے۔ بااثر ٹرانسپورٹرز نے از خود کرایوں میں اضافہ کرکے مسافروں سے زائد کرائے کی وصولی شروع کررکھی ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز نے ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررکردہ کرائے نامے بھی گاڑیوں میں آویزاں نہیں کیے ہوئے جو کہ ڈی آر ٹی اے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اگر ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ذمہ داران نے اضافی کرائے کے خاتمے کے لئے کردار ادا نہ کیا تو ہائی کورٹ سے رجوع کرکے ریلیف حاصل کیاجائیگااور ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارکردگی بارے ہائی کورٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button