جہلماہم خبریں

میونسپل کمیٹی جہلم میں مالی بے ضابطگیاں، تشہیری مواد کے ٹیکس قومی خزانے میں جمع نہ کروانے کا انکشاف

جہلم: میونسپل کمیٹی جہلم میں مالی بے ضابطگیاں عروج پر، شہر میں اجازت کے بغیر بڑے بڑے سائن بورڈز، ہورڈنگز اور دیگر تشہیری مواد کے ٹیکس قومی خزانے میں جمع نہ کروانے کا انکشاف ہوا ہے۔

کروڑوں روپے کی رقم میونسپل کمیٹی کے افسران و عملہ مبینہ طور پر خوردبرد کرنے میں مصروف عمل ہے جبکہ شہر کے مختلف مقامات، چوک چوراہوں اور سرکاری و نجی عمارتوں پر جہازی ہورڈنگ بورڈ لگا دیئے گئے ہیں جس کے باعث شہریوں کو خطرات لاحق ہیں۔ شہر سمیت جی ٹی روڈ کے اردگرد موجود عمارتوں پر دیوہیکل سائن بورڈز لگے ہوئے ہیں جن کے باعث شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

شہر کی عمارتوں سمیت جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف اور نجی و سرکاری عمارتوں پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں، نجی کمپنیوں، سیاسی جماعتوں کی تشہیر کے بل بورڈز، سائن بورڈز، ہورڈنگز، پوسٹرز اور بینرز آویزاں کئے جاتے ہیں اور اس کے لئے قانون کے مطابق زمین کی الاٹمنٹ اور این او سی میونسپل کمیٹی کی جانب سے جاری کیا جاتاہے اور اس کے لئے ٹھیکیداروں اور مالکان سے ٹیکس کی مد میں رقم وصول کی جاتی ہے مگر پچھلے کئی سالوں سے میونسپل کمیٹی کا متعلقہ شعبہ بغیر ٹھیکے اور بغیر منظوری کے تشہیری بورڈز اور پوسٹر لگاکر ٹیکس کی مد میں موصول ہونے والی رقم اپنی جیبوں میں ڈال رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ چند سال قبل بل بورڈز، سائن بورڈز، ہورڈنگز وغیرہ آویزاں کرنے کا ٹھیکہ لاکھوں روپے میں دیا گیا تھا مگر اس سال نامعلوم وجوہات کی بناء پر ٹھیکہ نیلام نہیں کیا گیا بلکہ میونسپل کمیٹی کا عملہ افسران کی آشیر باد سے پینا فلیکس ہورڈنگز وغیرہ آویزاں کرنے والوں سے رقم وصول کرکے اپنی جیبوں میں ڈال لیتے ہیں ۔

انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہواہے کہ میونسپل کمیٹی نے محض چند بورڈز کی منظوری دے رکھی ہے جبکہ عملے اور متعلقہ افسران کی سرپرستی میں 4 درجن سے زائد بورڈز آویزاں کئے گئے ہیں جن سے حاصل ہونے والا ریونیو افسران اور عملے کی جیبوں میں چلا جاتا ہے۔

شہریوں نے ڈی جی اینٹی کرپشن لاہور سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹی جہلم میں ہونے والی مالی بدعنوانی کا نوٹس لیتے ہوئے سرکاری و نجی عمارتوں اور شہر کے چوک چوراہوں اور سڑکوں کے ادرگرد نصب ہونے والے بورڈز سے حاصل ہونے والے ریونیو کا آڈٹ کروایا جائے اور سرکاری خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ میونسپل کمیٹی مالی خسارے سے باہر نکل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button