ہر گھر میں ایمرجنسی کی صورت میں فرسٹ ایڈ کی سہولت موجود ہونی چاہیے۔ انجینئر سعید احمد

جہلم: ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے انٹرنیشنل فرسٹ ایڈ ڈے کے حوالے سے جہلم پریس کلب میں آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے صحافیوں کو فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ دیتے ہوئے کہا بتایا کہ خدانخواستہ اگر کسی شخص کو بھی دل کا دورہ پڑ جائے یا آگ لگنے سے کوئی شخص جھلس جائے یا بجلی کا کرنٹ لگنے سے کوئی شخص زخمی ہو جائے تو ایسے افراد کو طبی امداد کس طرح فراہم کرکے انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال پہنچنے سے قبل فرسٹ ایڈدیکرمتاثرہ افراد کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں انہوں کہا کہ صحافیوں سمیت ہر شہری کو ریسکیو ٹریننگ لینی چاہیے تاکہ آپ کے اردگرد اگر کوئی حادثہ پیش آتا ہے تو فوری طبی امداد دیکر ایسے شخص کی جان بچائی جا سکتی ہے جو آخری سانسیں لے رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہر گھر میں ایمرجنسی کی صورت میں فرسٹ ایڈ کی سہولت موجود ہونی چاہیے تاکہ فوراً ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے کسی بھی قسم کے جانی نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیمیں عوام الناس کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت دیکر اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آن لائن تربیت کے لیے موبائل ایپ ’’ریسکیو کیڈٹ کور’’ متعارف کروائی جا چکی ہے جسے ڈاؤن لوڈ کر کے گھروں میں موجود افراد آن لائن رجسٹریشن اور تربیت حاصل کر سکتے ہیں۔