
جہلم: ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ناصر محمود ستی نے جہلم کا دورہ کیا، اس موقع پر پولیس لائن میں دربار کا انعقاد کیا گیاجس میں پولیس افسران و ملازمین نے آرپی او کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ،آر پی او نے بیشتر مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر فہد احمد نے پولیس لائن میں افسران و ملازمین کے بچوں کی جسمانی نشوونما کے لئے تعمیر کئے گئے پارک کا افتتاح کروایا۔
ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے جہلم پولیس لائن کا دورہ کیا، پولیس لائن میں قائم شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے پولیس دربار سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پولیس شہداء قوم کے ہیرو ہیں انکی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گے، انہوں نے کہا کہ شہداء کے بچوں اور لواحقین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا انکی کفالت اور مسائل کا ہر موقع پر ازالہ کریں گے۔
ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کی بیش بہا قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پولیس شہداء فورس کے ماتھے کا جھومر ہیں، جنہوں نے مادر وطن کی بقاء و سلامتی کی خاطر اپنے لہو کا نذرانہ پیش کرکے قربانی کی لازاوال داستانیں رقم کر دیں۔
انہوں نے اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہید کبھی مرتا نہیں بلکہ ہمیشہ زندہ رہتا ہے اور بارگاہ الٰہی میں باربار شہادت کی آرزو کا اظہار کرتا ہے۔ شہید کی موت قوم کی حیات ہو تی ہے اور زندہ قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔
ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیوں کا ازالہ تو ممکن نہیں مگر پھر بھی شہدائے پولیس کے خاندانوں کی مکمل کفالت اور ہر ممکن مدد و تعاون کے حوالے سے وضع کردہ پالیسی پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا ، انہوں نے پولیس افسران و ملازمین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تھانوں میں پولیس ملازمین کو اپنے رویوں میں تبدیلی لاکر سائلین کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے ہوں گے۔
پولیس دربار میں موجود پولیس افسران و ملازمین نے اپنے اپنے مسائل پیش کئے اور ان کے حل کے لئے ریجنل پولیس آفیسرناصر محمود ستی نے احکامات جاری کئے۔
آر پی او ناصر محمود ستی نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین زمہ داری ہے پولیس ملازمین کے ویلفئیر کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر نے شہداء کے لواحقین سے ملاقاتیں کیں انکے مسائل سنیں اور انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پولیس دربار آئندہ بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ سائلین کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر فہد احمد،ایس پی انویسٹی گیشن انعم فریال کی کارکردگی کو سراہا اور جہلم پولیس کی بہترین کارکردگی پر انہیں شاباش دی ، ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے 8 قیمتی چوری شدہ گاڑیاں ، 7موٹر سائیکلیں اور لاکھوں روپے نقدی ان کے اصل مالک کے حوالے کیں۔