جہلم

جہلم شہر کے معروف معالج ڈاکٹر حبیب الرحمٰن نے ایدھی ویلفیئر سنٹر کو نئی ایمبولینس عطیہ کر دی

جہلم: شہر کے معروف معالج ڈاکٹر حبیب الرحمٰن نے ایدھی ویلفیئر سنٹرکو نئی ایمبولینس عطیہ کردی۔

تفصیلات کے مطابق ایدھی ویلفیئر سنٹر جی ٹی ایس چوک میں ایک سادہ پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں شہر کے معروف معالج ڈاکٹر حبیب الرحمٰن نے ایدھی ویلفیئر سنٹر کو ایک نئی ایمبولینس بطور عطیہ پیش کی۔

تقریب میں جب ڈاکٹر حبیب الرحمن ایدھی سنٹر پہنچے تو معروف سماجی کارکن سیدہ شاہدہ شاہ نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے بعد ڈاکٹر حبیب الرحمٰن نے فیتہ کاٹ کر اس تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کرنل (ر) محمد عبید مرزا سمیت تمام شرکاء نے دعاکی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ نے حاصل کی جبکہ ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سید اختر علی شاہ نے پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرکلر انچارج ڈاکٹر محمد اسد مرزا نے ڈاکٹر حبیب الرحمٰن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حبیب الرحمٰن سماجی خدمات کے حوالے سے ایک الگ پہنچان رکھتے ہیں اور ہمہ وقت انسانی خدمات کے حوالے سے متحرک دکھائی دیتے ہیں۔ ڈاکٹر حبیب الرحمٰن نے ایدھی سنٹر کے لیئے ایمبولینس کا جو عطیہ دیا ہے۔ اس سمیت اب ایدھی سنٹر جہلم کے پاس کل 15 ایمبولینس گاڑیاں ہو جائیں گی۔

انہوں نے ایدھی سنٹر ضلع جہلم کی خدمات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی سنٹر جہلم، سوہاوہ، دینہ سنٹر اور اب میرپور سنٹر بھی اس سرکلر میں شامل ہوچکے ہیں یہ سارے سنٹرز انسانی خدمات سے سرشار انتہائی دیانتداری اور بے لوث ہو کر انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان تمام سنٹرز کا عملہ صحیح معنوں میں عبد الستار ایدھی کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جہلم میں ان کی معاونت ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ کر رہے ہیں۔

سیدہ شاہدہ شاہ نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد اسد مرزا کی سماجی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انہیں جہلم کا عبدالستار ایدھی قرار دیاجائے تو غلط نہ ہوگا۔

اس افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر حبیب الرحمٰن، ڈاکٹر محمد اسد مرزا، سیدہ شاہدہ شاہ، ڈاکٹر شاہد تنویر، شاہد جلیل سیٹھی، ارشد محمود مبارک، ڈاکٹر طاہر محمود سپروائزر میر پور ایدھی سنٹر، منیر عبدالماجد، کرنل (ر) محمد عبید مرزا، ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ، سید اختر علی شاہ، عثمان خورشید سپروائزر ایدھی سنٹر دینہ اور جہلم پریس کلب کے صحافی جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ وسیم تبریز، حبیب اللہ منگلا، راجہ سہیل کیانی، سپروائزر جہلم ایدھی ویلفیئر سنٹر، چوہدری غضنفر علی، ڈرائیور گوہر آفتاب، سرفراز احمد، عبدالرحمٰن، احتشام الحق، آصف یعقوب محمد شریف سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی مغفرت کے لئے دعا کروائی گئی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button