بچوں کو بدفعلی کی نیت سے اغواء کرنے والا درندہ رنگے ہاتھوں گرفتار، 2 بچے بازیاب

پنڈدادنخان: جہلم پولیس کی بروقت کارروائی، بچوں کو بدفعلی کی نیت سے اغواء کرنے والا درندہ صفت رنگے ہاتھوں گرفتار، دونوں بچے بازیاب، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم عنصر ولد محمد علی ساکن للِہ ہندوانہ تحصیل پنڈدادنخان نے دو بچوں 12 سالہ غلام غوث اور 9 سالہ فیضان حسین کو بد فعلی کی نیت سے ہلانوالہ ضلع مندی بہاؤالدین سے اغواء کیا اور جلالپور شریف لے آیا جہاں ملزم بچوں سے نازیبا حرکات بھی کرتا رہا۔
ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے قلیل وقت میں دونوں بچوں کو بازیاب کروا کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دونوں بچے باحفاظت والد کے حوالے کر دیئے گئے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے ڈی ایس پی پنڈدادنخان سرکل اور ایس ایچ او تھانہ جلالپور کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ ملزم کو مکمل ثبوت کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے۔ جہلم پولیس آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق بچوں سے زیادتی کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پر عمل پیرا ہے۔