کالا گجراں جرائم پیشہ عناصر کی محفوظ پناہ گاہ بن گیا، جرائم پیشہ عناصر نے پولیس سے معاملات طے کر لئے

جہلم: چوکی کالا گجراں جرائم پیشہ عناصر کی محفوظ پناہ گاہ بن گیا، جرائم پیشہ عناصر نے متعلقہ پولیس چوکی کے افسران و اہلکاروں سے معاملات طے کر لئے۔ جرائم پیشہ افراد نے چوکی کالا گجراں کے مخصوص علاقوں کے گلی محلوں میں منشیات سمیت غیر اخلاقی دھندہ شروع کر رکھا ہے، نوجوان نسل نے کتابوں کو چھوڑ کر منشیات کو گلے لگا لیا، والدین ذہنی پریشانی میں مبتلا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کی چوکی کالا گجراں کے مختلف علاقوں میں قمار بازی، منشیات فروشی سمیت قحبہ خانوں کا مکروہ دھندہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ جرائم پیشہ افراد نے چوکی کالا گجراں کے مختلف علاقوں کے مخصوص گلی محلوں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں جہاں نشے کے عادی افراد کو ٹوکن کی ڈور ٹو ڈور سہولت بھی مہیا کی جا رہی ہے۔
ایک کال پر منشیات کا دھندہ کرنے والے ٹوکن لیکر حاضر ہو جاتے ہیں، ان حالات میں نوجوان نسل نے کتابوں کو چھوڑ کر منشیات کو گلے لگا کر اپنی تباہی کا سامان پیدا کرنا شروع کر رکھا ہے جس کیوجہ سے نشئی بچوں کے والدین سخت ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔
ان بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ انسانی جسم میں زہر گھولنے والے انجکشن جو کہ میڈیکل سٹوروں سے باآسانی دستیاب ہیں جن کی قیمت کم ہونے کے باوجود میڈیکل سٹورز مالکان نشہ کے عادی افراد سے منہ مانگی قیمت وصول کرکے نشے کی لعنت کو ترویج دے رہے ہیں جس کی وجہ سے چوریاں، ڈکیتیاں، راہ زنی کی وارداتیں عام ہو چکی ہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس چوکی کالا گجراں میں تعینات پولیس افسران و اہلکار جرائم پیشہ افراد اور منشیات کے نشے کے عادی افراد کو پکڑ کر پولیس چوکی میں لے جاتے ہیں جہاں ٹاؤٹوں کے ذریعے معاملات طے کرنے کے بعد اپنی عدالت لگا کر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ پولیس چوکی کالا گجراں اس وقت جرائم پیشہ عناصر کی محفوظ پناہ گاہ بن چکی ہے۔