جہلم:سوئی گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ صارفین پر ڈرون حملے کے مترادف ہے، گرمیوں میں حکومت سازش کے تحت بجلی جبکہ سردیوں میں سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے صارفین کے ساتھ زیادتی و ظلم کرتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار جہلم شہر کی سماجی ،رفاعی ، فلاحی اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے والے اقدامات کرنے کی بجائے آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے چکروں میں ہے، سوئی گیس کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے کہا کہ شائد حکمران عوام کو سکھی نہیں دیکھ سکتے اور نہ ہی عوام کو سکھ دینے والے اقدامات کرنے پر تیارہیں، حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسوں نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ گرمی شروع ہوتی ہے تو عوام کیلئے بجلی کے بل موت کے پروانے بن کر آتے ہیں سردی شروع ہوتی ہے تو گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریبوں پر بجلی گرائی جاتی ہیں، آخر حکمران کب تک اس طرح عوام کا استحصال کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران گیس ، پیٹرول اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو جینے کا حق دیں۔