لیڈز سٹی کونسل میں لیبر پارٹی کے منتخب کونسلر محمد شہزاد نے کہا ہے کہ یہ انتہائی شرم اور افسوس کی بات ہے کہ دو ہفتے گزرنے کے باوجود غزہ کے محاصرے کو ختم نہیں کرایا جاسکتا۔
انہوں نےکہا کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین،اسرائیل کے طاقتور اتحادی یا عرب ممالک غزہ کے فلسطینی عوام پر ہونے والی اجتماعی سزا کو روکنے میں ناکام ہیں اور اسرائیلی ظالمانہ اقدامات کی بین الاقوامی سطح پر تعریف کی جارہی ہے۔
کونسلر شہزاد نے کہا کہ جنیوا کنونشن کے مطابق اسرائیل واضح طور پر جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، انسانی حقوق کی بات کرنے والی اقوام متحدہ، یورپی یونین کے ہوتے ہوئے بھی غزہ میں متاثرین کو امداد نہیں مل پا رہی۔
فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے سے تعلق رکھنے والی جولیٹ توما کا، کا بیان کوڈ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ’’جہنم کا گڑھ‘‘ بن گیا ہے۔
انہوں نے غزہ کا محاصرہ جلد ختم کرنے کا مطالبہ اور شہریوں کو فوری طور پر امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا،یہ بیان انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ پر دیا۔