جہلم

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرائے کم نہ کئے

جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرائے کم نہ کئے، آر ٹی اے سیکرٹری کی عدم توجہی، مسافر سراپا احتجاج، وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ضلع بھر کے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے بڑھائے گئے کرائے کم نہ ہو سکے جس کے نتیجے میں مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان لڑائی جھگڑے روزانہ کا معمول بن چکے ہیں۔

اس حوالے سے مسافروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا جاتا ہے تو ٹرانسپورٹرز نے اپنی من مرضی کرتے ہوئے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیتے ہیں جبکہ رواں ماہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھائی گئی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کردی ہے جس کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے بڑھائے گئے کرائے کم نہیں کئے،اس وقت منی بسوں، کوچز کا کرایہ ٹرانسپورٹرز نے من مرضی کا مقرر کرکے مسافروں سے وصولی شروع کررکھی ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گاڑیوں میں مسافروں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ٹھونس دیا جاتا ہے، اگر کوئی مسافر زائد کرائے بابت بحث کرے تو ٹرانسپورٹرز گالی گلوچ ،لڑائی جھگڑا کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے ، جس کی بنیادی وجہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی عدم توجہی اور کرایہ نامہ جاری اور گاڑیوں کے اندر نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کروانا ہے۔

شہر کی تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم میں قائم مقام سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو روزانہ کی بنیاد پر ٹرانسپورٹرز کے کرائے اور گاڑیوں میں سوار مسافروں کو چیک کرنے سمیت کرایہ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں اور پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررہ کردہ کرائے ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو ریلیف مل سکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button