نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے سالانہ گکھڑ ٹیلنٹ ایوارڈ کا انعقاد

سوہاوہ: راولپنڈی میں سالانہ گکھڑ ٹیلنٹ ایوارڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام شعبہ زندگی میں اپنی نمایاں خدمات انجام دینے والے اہل طلباء و طالبات کی پاکستان گکھڑ فاؤنڈیشن کی جانب سے بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔
اس موقع پر برطانیہ میں مقیم آنریری برجس راجہ امیر داد خان سرپرست اعلیٰ گکھڑ فیملی ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان محمد شیراز کیانی، سرپرست اعلیٰ گکھڑ فیملی ویلفیئر ٹرسٹ ضلع جہلم، چیئرمین اختر ویلفیئر سوہاوہ، چیئرمین اوورسیز ونگ سرجلال خان ویلفیئر کونسل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے ایسے میں گکھڑ ٹیلنٹ ایوارڈ کا انعقاد کر کے ان کی کامیابیوں کا اعتراف کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا بہت خوش آئند امر ہے وطن عزیز کے مستقبل اور نوجوانوں کی فلاح بہبود کے لئے جس بھی فورم پر کوئی عملی قدم اٹھایا جائے گا ہم اس کی بھرپور سپورٹ کریں اور ہر ممکن تعاون کریں گے۔
راجہ امیر داد کیانی نے کہا کہ نوجوان نسل کی سرپرستی کر کے ہم انھیں معاشرے کا سود مند شہری دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ ہمارا ملک ترقی کر سکے۔
سرپرست اعلیٰ گکھڑ فیملی ویلفیئر ٹرسٹ ضلع جہلم، چیئرمن اختر ویلفیئر راجہ شیراز کیانی نے کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانی ملکی حالات سے سخت مایوس ہیں کیونکہ ملک دن بدن ابتری کی طرف جا رہا ہے اس لئے تمام صاحب حیثیت لوگوں کو چاہیے کے نئی نسل پر توجہ دی جائے ان کے لئے تعلیم سمیت ہر شعبہ زندگی میں سازگار ماحول مہیا کیا جائے کیونکہ اسی نئی نسل نے ملک کا آئندہ بھاگ دوڑ سنبھالی ہے آج ان کی تعلیم و تربیت پر توجہ دی جائے گی تو کل ملک کا مستقبل بہترین ہاتھوں میں جا پائے گا جس سے ملک پر چھائے مایوسی کے اندھیرے چھٹ سکیں گے۔