بزرگ پنشنرز کا جائز حق لینے کے لیے قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ چوہدری محمد نواز

جہلم: بزرگ پنشنرز کا جائز حق لینے کے لیے قانونی جدو جہد جاری رکھیں گے، پی ٹی سی ایل نجکاری سے قبل ڈیڑھ سو ارب سالانہ کما کر حکومت پاکستان کو دے رہا تھا۔ پاکستانی قوم کے ساتھ پی ٹی سی ایل نجکاری کے نام پر دھوکہ ہوا، 40 ہزار بوڑھے پنشنرز بیوائیں اور یتیم بچے اپنے جائز حق لینے کے لیے کونسا دروازہ کھٹکا ئیں۔
ان خیالات کا اظہار سابق رہنما پی ٹی سی ایل راولپنڈی ڈویژن چوہدری محمد نواز نے اخبارنویسوں سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ 30 جون 2005 سے آج تک 800 ملین ڈالر کی قسط جو التصالات کی ذمہ واجب الادا ہے سابقہ حکومتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بھی اتنی بڑی رقم غیر ملکی کمپنی التصالات سے وصول نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ فنانس ،ڈویژن میں پنشن کا جو اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہوا جس میں سکیل نمبر 1 تا15 تک پنشن 20 فیصد اضافہ سکیل 16 تا 22کو 15 فیصد میڈیکل الاؤنس 20 سے 25 فیصد پنشن میں ضم کرنا فیملی پنشن کو 50 فیصد سے بڑھا کر 75 فیصد کرنا تھا مگر پی ٹی ای ٹی پنشن ٹرسٹ نے بورڈ میٹنگ بلوائی لیکن طمع نفسانی کے تحت خلاف ورزی کی گئی اس نا انصافی کے خلاف عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ سے پنشنرز کے حق میں فیصلے آنے کے باوجود آج تک عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
چوہدری محمد نواز نے مزید کہا کہ پنشنرز کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں سمیت مسائل اور قانونی سٹیٹس سے آگاہ کرنے کے لئے عدالت عظمیٰ کا درواز ہ کھٹکھٹائیں گے۔ کیونکہ پی ٹی ای ٹی پنشن ٹرسٹ نے پنشنرز کو کھڈے لائن لگا رکھا ہے ۔
چوہدری محمد نواز نے حکمرانوں اور عدالت عظمیٰ سے پر زور اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پی ٹی سی ایل کے 40 ہزار بزرگ پنشنرز, خاندانوں کے ساتھ غیر ملکی کمپنی التصالات کی طرف واضع حق تلفی نا انصافی قانون سے انحراف اور اعلی عدلیہ کے فیصلوں اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے فیصلے پرعمل نہ کرنے کا از خود نوٹس لیا جائے، ہم بزرگ پنشنرز کے حقوق کی قانونی جنگ ہر سطح پر لڑتے رہیں گے۔