لانگ مارچ؛ عمران خان کو ضلع جہلم کی عوام کسی صورت مایوس نہیں کرے گی۔ چوہدری غلام احمد زمرد

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا ہے کہ کل بھی جہلم عمران خان کے ساتھ تھا آج بھی ضلع جہلم عمران خان کے ساتھ ہے۔ حقیقی آزادی لانگ مارچ جب دریائے جہلم عبور کرے گا تو ضلع جہلم جو کہ غازیوں، شہیدوں، اوورسیز پاکستانیوں کی سرزمین ہے کے باغیرت، غیور، عوام اپنے قائدین کا پرتپاک استقبال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں ضلع جہلم کے عوام نے تمام نشستیں عمران خان کو تحفے کے طور پر پیش کیں، آنے والے انتخابات میں بھی ضلع جہلم کے باغیرت، غیور عوام تمام نشستوں پر عمران خان کے نامزد کردہ امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے۔
چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ عمران خان کو ضلع جہلم کی عوام کسی صورت مایوس نہیں کرے گی ۔ عمران خان نے چوہدری فواد حسین کی درخواست پر ضلع جہلم کو اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے دیئے جن پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر پر ٹراما سینٹر، اندرون شہر کی سڑکیں، سول ہسپتال میں ڈاکٹروں کی بھرتیاں، پرائمری سکولوں کو مڈل، مڈل سکولوں کو ہائی اور ہائی سکولوں کو ہائر سیکنڈری سکولوں میں تبدیل کیا، جہلم تا لِلہ 128 کلو میٹر 2 رویہ سڑک، جلالپور شریف تا کندوال نہر، ٹوبہ ٹراما سینٹر، بڑا گراں پل، سنگھوئی گریڈ اسٹیشن سمیت سینکڑوں رابطہ سڑکیں عمران خان کا ضلع جہلم کے لئے انمول تحفہ ہیں۔
چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ آذادی مارچ دریائے جہلم پل عبور کرے گا تو ضلع جہلم کے غیور عوام اپنے قائدین کا پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کی قیادت میں بھرپور استقبال کریں گے۔