پی ٹی آئی رہنما چوہدری محمد ندیم کھنڈوعہ شیر پور کے ڈیرے پر پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کا انعقاد

پنڈدادنخان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد ندیم کھنڈوعہ شیر پور کے ڈیرے پر پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کا انعقاد ، یونین کونسل جلالپور شریف ،یونین کونسل پننوال،یونین کونسل پنڈی سیدپور کے تنظیمی عہدیداران اور ورکرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی یونین کونسل جلالپور شریف کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری شعیب جٹ نے کہا کہ زبردستی حکمران بنائے گئے نااہلوں کو پتہ بھی نہیں کہ وہ کس دلدل میں پھنسے جارہے ہیں۔ امپورٹڈ حکمرانوں کے پاس عوام کے لئے نہ کوئی پالیسی ہے اور نہ منصوبہ یہ صرف اپنے نیب اور دیگرعدالتوں میں موجود کیسز ختم کرانے اور چوریاں چھپانے کے لئے اقتدار میں آئے ہیں۔
چوہدری شعیب نے کہا کہ سازش کے تحت مسلط کئے گئے حکمران بہت جلد رخصت ہونے والے ہیں پی ٹی آئی کے ورکرز کو چاہیے کہ عام انتخابات کی تیاری کے لئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں ۔ انشاء اللہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے چاروں صوبوں سے دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔امپورٹڈ حکمران چند ہفتے پی ٹی آئی کے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگانے کے سہانے خواب دیکھتے رہے لیکن چیئرمین پی ٹی آئی نے چند روز کے اندر ہی امپورٹڈ حکمرانوںکا بوریا بستر گول کرکے واپس گھروں کو بھجوایا۔
اس موقع پر یونین کونسل پنن وال کی مشہور سماجی و کارروباری شخصیت چوہدری طارق محمود کھنڈوعہ نے کہا کہ مخالفین کو تحصیل پنڈدادنخان کے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بننے کی بجائے اچھے کاموں کو پروان چڑھانا چاہئے تاکہ تحصیل پنڈدادنخان میں محرومیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو قوم کی خود مختاری کے لئے سینہ تان کر کھڑے ہیں اور یہ عمران خان کی ذات یا جماعت کی بات نہیں بلکہ قوم کی خود مختاری اور حقیقی آزادی کی جنگ ہے اور اس جنگ میں ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
اس موقع پر چوہدری محمد ندیم کھنڈوعہ نے پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بہتر مستقبل اور روشن پاکستان کے لئے عمران خان کا ہاتھ مضبوط کریں۔ وہ عمران خان کی قیادت میں وہ مقصد حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے جس کیلئے پاکستان بنا۔